ممبئی، 26 جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا میں شیوسینا ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بھاؤنا گاؤلی کا نام آگے بڑھا سکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے شیوسینا نے اس سمت میں اپنی دلچسپیاں ظاہر کی ہے۔مہاراشٹر کی یوت مال-واشم لوک سبھا سیٹ سے ایم پی بھاؤنا گاؤلی پانچویں بار ایم پی بنی ہیں،وہ دو بار واشم لوک سبھا سیٹ سے تو تین بار ایوت مال-واشم لوک سبھا سیٹ سے جیتی ہیں۔اس سے پہلے شیوسینا کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا تھا کہ ہمارا یہ مطالبہ نہیں ہے، یہ ہمارافطری دعویٰ ہے اور حق ہے،یہ عہدہ شیوسینا کو ہی ملنا چاہئے۔بتایا جا رہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے رکن کو لانا چاہتی تھی، لیکن بیجو جنتا دل اس عہدے کو قبول کرنے کی خواہش مند نہیں ہے کیونکہ وہ بی جے پی اور کانگریس دونوں پر ایک جیسا رشتہ برقرار رکھنا چاہتی ہے۔اس کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس کو بھی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا آفر دیا گیا تھا، لیکن اس نے ایک شرط رکھ دی تھی۔وائی ایس آر کانگریس کا کہنا ہے کہ جب تک مرکز آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیتا، ہم ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کو قبول نہیں کریں گے۔اکثر ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر اپوزیشن کا حق ہوتا ہے، لیکن آخری بار مودی حکومت کی جانب سے اس روایت کو بھی بدل دیا گیا۔مودی حکومت کی پہلی مدت میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ انادرمک کے ایم تھبیدری کے پاس تھا،تب اپوزیشن کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ مودی حکومت کے تئیں انادرمک کا رخ نرم ہے، اسی وجہ سے انہیں یہ عہدہ دیا گیا تھا۔